فاصلاتی کورسز کا تعارف

مقاصد کورس

حکمت قرآن انسٹیٹیوٹ عہد حاضر کے لیے قرآن کے قوانین، حکمت، تدبر اور سماجی شعور کی تحقیق، تعلیم اور تربیت کا ادارہ ہے۔ انسٹیٹیوٹ کا مقصد ہے کہ انسانیت کے لئے اللہ تعالیٰ کی بھیجی ہوئی آخری ہدایت اور رہنمائی کی سرچشمہ کتاب قرآن حکیم کی تعلیمات اور عملی حکمت عملی سےعہد حاضر کے انسانوں کو مؤثر طریقہ سے بہرہ ور کیا جائے تاکہ ایسے مثالی افراد تیار ہوں جو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اپنا تخلیقی مقصد کو پورا کرنے کا عزم رکھتے ہوں اور تبدیلی کے لیے اپنے عہد کے مسائل کو سمجھنے کا پختہ شعور اور عمل کی لگن رکھتے ہوں۔ اس طرح تحقیق و تدبر، تعلیم و تربیت اور ابلاغ و دعوت سے قرآنِ و سنت کی روشنی میں اسلامی فکر کی حقیقی خدا پرست۔ انسان دوست اقدار کو فروغ دیا جائے۔ فاصلاتی کورسز کے لئے جن کتابوں کا انتخاب کیا گیا ہے وہ کتابیں عالم اسلام کے جید حکیم روشن فکر علماء کی مرتب کردہ ہیں۔ ان کتابوں سے خاص طور پر قرآن حکیم کے عملی الاہیاتی اور سماجی شعور کی تعلیمات انسانوں کی شخصی تعمیراور اجتماعی تبدیلی کی تیاری کے لیے بیحد اثر انگیز ثابت ہونگی۔

فہم قرآن کورس: دورانیہ ۶ مہینے

اس کورس میں ۵ کتابیں شامل ہیں

(۱) قرآن آپ سے کیا کہتا ہے؟

مولانا محمد منظور نعمانی

یہ کتاب قرآنی تعلیمات کے بنیادی موضوعات سے واقف کرتی ہے۔ ان موضوعات میں اللہ تعالیٰ کی ہستی، اللہ تعالیٰ  کی صفات، توحید اور اس کے تقاضے، آخرت، جنت دوزخ، نبوت و رسالت، نبی کی حیثیت، عمل صالح، تقویٰ، اللہ تعالیٰ کی عبادت، بندوں کی خدمت اور حسن سلوک، اخلاق حسنہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کتاب کے مطالعہ سے قاری کو قرآنی تعلیمات کا ابتدائی تعارف آسان پیرائے میں حاصل ہوجاتا ہے۔ اس کتاب کے ذریعہ انسان قرآن کی وادی میں داخل ہوجاتا ہے۔ اور مزید تلاش کے لیے اس کے اندر جستجو اور طلب پیدا ہوجاتی ہے۔

(۲) غیر متبدل قوانینِ الاہی

اقسام، اُن قوانین  کی نوعیت  اور ماہیت ، قوانینِ خلق، قوانین ابتلاء و آزمائش، قوانینِ مکافات، قوانین سعی و اکتساب، قوانین مشیت ، قوانین طمانیت و سکینت، قوانین عسر و یسر، قوانین صبر و شکر، قوانین بسط و کشاد،معاشی قوانین، قوموں کے عروج و زوال کے قوانین اور دیگر قوانین  اور اُن اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے نتائج اور ان سے انحرافات کے نتائج پر تحقیقی کتاب 

(۳) جوامع السیرت

حکیم الاسلام مولانا محمد میاں، امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد، امام انقلاب مولانا عبیداللہ سندھی

برصغیر کے جید حکیم علماء کی کتابوں سے ماخوذ یہ سیرت مبارکہ تعلیمات وحی اور مقاصد نبوت کی روشنی میں انقلاب مکہ اور سیرت النبی ﷺ کا جامع مطالعہ ہے۔ اس کتاب میں طریقۂ نبوت اور خصائل نبوی جس وضاحت سے بیان کئے گئے ہیں، اس سے امت کے لیے اعلیٰ انسانی شخصیت کی تعمیر، تہذیب اخلاق، تعمیر ملت، غلبۂ اسلام، دعوت و تبلیغ کے قرآنی اصول کی تعلیمات کا سیر حاصل استفادہ ہوتا ہے۔ اس کے نتیجہ میں ایک طرف خصائل نبوی کی روشنی میں ذاتی شخصیت کا مثالی کردار پیدا ہوتا ہے اور دوسری طرف دعوت اوراشاعت دین کے عصری طریقوں کے لیے پیغمبرانہ اسوۂ، رہبری و رہنمائی کے دریچے کھلتے ہیں۔

(۴) ترجمان القرآن

مولانا ابوالکلام آزاد ؒ/ مولانا محمد مدنی

ترجمان القرآن اردو دان ریڈرز کے لئے ہے۔  مولانا ابوالکلام آزادؒ کی مادری زبان عربی تھی۔ انہوں نے اپنی خداداد صلاحیت، فطری ذہانیت، عبقری دماغ اور مجتہدانہ بصیرت کی بدولت قرآن مجید کی اردو ترجمانی کو قرآن فہمی کا سب سے بڑا شاہکار بنادیا۔ یہی وجہ ہے کہ مولانا آزادؒ کا یہ ترجمہ تفکر کرنے کی صورت میں بڑے بڑے تفاسیر سے بے نیاز کردیتا ہے۔ یہی خوبی مولانا محمد مدنی کے سندھی ترجمہ کی ہے۔ سندھی ریڈرز کے لئے مولانا عبیداللہ سندھیؒ کے شاگرد رشید مولانا محمد مدنی     ؒکا یہ ترجمہ فراہم کیا جاتا ہے  جو قرآن فہمی میں سندھی تراجم کے اندر ممتاز حیثیت کا حامل ہے۔ ان تراجم سے بامحاورہ قرآن فہمی کا وہ منہاج حاصل ہوتا ہے جو انسانیت کے لئے ہنما آخری کتاب کا جوہر ہے۔