حکمت قرآن کورس: دورانیہ دوسال

حکمت قرآن سال اول:

حکمت قرآن کے سال اول میں مکمل وہی کورس شامل ہے جو تدبر قرآن کا ایک سالہ کورس ہے۔ جو طلبہ براہ راست حکمت قرآن کورس میں داخلہ لیتے ہیں ان کو سال اول میں تدبر قرآن کا کورس کرایا جاتا ہے اور جو طلبہ تدبر قرآن کے بعد حکمت قرآن کورس میں داخل ہوتے ہیں تو ان کے لیے براہ راست حکمت قرآن کے دوسرے سال کا کورس شروع کیا جاتا ہے۔ اور یوں انہیں دو سال کے اندر ہی تدبر وحکمت قرآن کے کورس مکمل کرائے جاتے ہیں۔ (سال اول کے لیے کورسز کا تعارف دیکھئے تدبر قرآن)

حکمت قرآن سال دوم:

(۱) الوحی المحمدی

علامہ سید رشید رضا

اس کتاب سے قرآن حکیم کی روشنی میں جمیع انسانیت کے لئے رہنمائی و ہدایت کے منہاج و طریقے کا استعداد بدرجہ اتم پیدا ہوتا ہے۔ یہ کتاب مقاصد قرآن کے حوالہ سے عالم اسلام کی معروف اور مقبول ترین کتاب ہے۔ کتاب میں مستشرقین کے قرآن حکیم کے متعلق اعتراضات کا عالمانہ جواب موجود ہے۔

(۲) انقلاب مکہ سیرت نبوی اور نزول قرآن کی روشنی میں

ڈاکٹر الطاف جاوید

یہ کتاب اسلامی نظریۂ حیات، انسان اور کائنات کا قرآن حکیم کی روشنی میں اہمیت و ارتقا ، وحی کے بنیادی مقاصد، معاشیات کے بنیادی اصول اور ان کی قرآنی تشریح کا مبسوط مطالعہ پیش کرتی ہے۔ مزید برآں انقلاب مکہ کی دس منزلوں میں قرآن حکیم کی نزولی ترتیب کے ساتھ تبدیلی و انقلاب کی حکمت عملیاں پیش کرتی ہے۔ اس طرح تاریخ اقوام عالم کے عروج و زوال، طبقاتی تضاد اور زمین پر استخلاف کے استعداد پر قرآن حکیم کی تعلیمات کا تفصیل اس کتاب میں شامل ہے۔ اس کتاب کے مطالعہ سے اسلامی انقلاب کی ہیئت، اساسی اصولوں اور اجتماعی تحریکوں کے محرکات کا بخوبی علم حاصل ہوجاتا ہے۔

(۳) تفسیر الفرقان فی معارف القرآن

حضرت مولانا خواجہ عبدالحی فاروقی نے حکمت قرآن کی اعلیٰ تعلیم اپنے عظیم اساتذہ حضرت شیخ الہند مولانا محمود الحسنؒ اور امام انقلاب مولانا عبیداللہ سندھیؒ سے حاصل کی۔ تفسیر الفرقان میں قوموں کے عروج و زوال کے اصولی اسباب اور قرآن کے ذریعہ افراد و اقوام میں زندگی کی لہر دوڑانے کے لئے قرآن حکیم کی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وحی الٰہی کی ضرورت، قرآن حکیم کے قوانین،ان کی غایت وحکمت، تہذیب اخلاق، تدبیر منزل معاملات، سیاست مدن، جہاں داری، ضرورت جہاد اور خلافت کبریٰ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔

(۴) شرح حجۃ اللھ البالغہ

حجۃ الاسلام امام شاہ ولی اللہؒ کی مشہور کتاب ‘‘حجۃ اللہ البالغہ’’ کے مضامین پر مشتمل یہ شرح امام انقلاب مولانا عبیداللہ سندھیؒ کی تحریر کردہ ہے، جو انسانوں کے شخصی اور اجتماعی مسائل ، اخلاقیات، سماجیات اور اقتصادیات کی روشنی میں فلاح انسانیت کا جامع مطالعہ میسر کرتی ہے۔انسانی تخلیق اور فضیلت ، انسانوں کے اعمال کی جزا، مرنے کے بعد کی زندگی، علمِ حدیث اور علم اسرار دین ، ارتفاقات اور انسان کی تمدنی زندگی کے متعلق امام شاہ ولی اللہؒ کے فلسفیانہ مباحث کو سلیس پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔

تھیسز کی تیاری

حکمتِ قرآن کورس  میں کم از کم 30 فل سائیز صفحات کی تین تھیسز درج ذیل موضوعات پر تیار کرائی جاتی ہیں۔

  • قوانین قرآن: قرآن کے وہ قوانین جن کو ولن تجدلسنۃ اللہ تبدیلا کہا گیا ہے۔ وہ قوانین کس طرح رو بہ عمل آتے ہیں اور وہ قوانین افراد کی شخصی اور اجتماعی زندگی میں کس طرح اپنے اثرات مرتب کرتے ہیں۔
  • عروج و زوال کا الٰہی نظام: افراد کی شخصی اور اجتماعی زندگی میں انحطاط اور عروج کس طرح واقع ہوتا ہے قرآن حکیم نے اس کے کیا اسباب بتائے ہیں۔
  • قرآنی علم الاقتصاد: مال و دولت، زراعت و تجارت، اور محنت و ملکیت کے متعلق قرآنی تعلیمات اور قوانین کیا ہیں۔